کھیل وکھلاڑی

نظرانداز کیا گیا؛ پاکستان کیخلاف یواےای سے کھیلنا چاہتا ہوں، عثمان خان

کراچی:  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں تیزترین سنچری اسکور کرنے والےعثمان خان متحدہ عرب امارات (یواےای) کی قومی ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کے خلاف کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

28 سالہ اوپننگ  بیٹسمین کا آبائی وطن پاکستان ہے مگر وہ ڈھائی سال سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ عثمان خان نے ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف  36 گیندوں پر سنچری اسکور  کرکے توجہ حاصل کی تھی۔

عثمان خان کی اس شاندار اننگز کے  بعد یہ تبصر ے کیے جانے لگے تھے  کہ انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم  میں شامل کیا جاسکتا ہے  تاہم  عثمان خان کا کہنا ہے  کہ ان کا خواب یو اے ای کی نمائندگی کرنا ہے۔

 

عثمان خان   نے ’’ دی نیشنل ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میرا خواب پاکستان کے لیے نہیں بلکہ یو اے ای کے لیے کھیلنا ہے، اور میں اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں۔ میں یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف اپنا  ٹیلنٹ دکھانا چاہتا ہوں، اور اس کے لیے وقت کا انتظار کررہا ہوں۔‘‘

مزید پڑھیں: ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنالی

عثمان خان کی یو اے ای کی  قومی ٹیم میں شمولیت کا انحصار آئی سی سی کی کسی ملک کی نمائند گی سے پہلے وہاں تین سالہ رہائش کی  شرط پر منحصر ہے۔ پی ایس ایل اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے والے  عثمان خان  رواں سال کے اواخر میں یہ شرط  پوری کرپائیں گے۔

پاکستان کے علاوہ کسی ملک  کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے عثمان خان کا کہنا  تھا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے مجھے کھیلنے کا موقع نہیں دیا  جارہا تھا۔ مجھے احساس ہوگیا تھا کہ وہاں مجھے  نظرانداز کیا جارہا ہے، چنانچہ میں نے یو اے ای کی جانب سے کھیلنے کو ہدف بنایا اور یہاں چلا آیا۔

عـثمان خان نے کہا کہ میں نے یہاں اپنی صلاحیتیں نکھارنے پر بہت محنت کی ہے اور کررہا ہوں تاکہ  یو اے ای کی قومی ٹیم میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button