کھیل وکھلاڑی

نیشنل گیمز؛ آرمی نے باقی ٹیموں کو کوسوں پیچھے چھوڑ دیا

کراچی: نیشنل گیمز میں آرمی نے باقی ٹیموں کو کوسوں پیچھے چھوڑ دیا، 370 سے زائد  میڈلز اپنے سینے پر سجالیے۔

پاکستان آرمی نے  34 ویں  نیشنل گیمزجیت لیے،اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے والی آرمی نے واضح برتری کے ساتھ مقابلوں میں اپنی سبقت ثابت کی اور وننگ ٹرافی  قائد اعظم ٹرافی اپنے پاس ہی رکھنے کی حق پالیا، پاکستان واپڈا نے دوسری جبکہ پاکستان نیوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، اختتامی تقریب منگل کو ایوب اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں کھلیے جانے والے نیشنل گیمز کے آخری دن پیر کو آرمی نے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں فتوحات سمیٹ لیں، آرمی نے واپڈا کو شکست دے کر مینز ٹیم ایونٹ جیت لیا، واپڈا کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا، ریلویز اور ایچ ای سی نے برانز میڈلز جیت لیے،  آرمی کے شاہ خان نے واپڈا کے عاصم قریشی کوٹھکانے لگا کر گولڈ میڈل جیت لیا، ایچ ای سی کے شرجیل اکرام اور عبید شاہ نے برانز میڈل  حاصل کیا۔

 

یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز؛ بسمہٰ خان کا سوئمنگ پول پر راج، 8 گولڈ میڈلز جیت لیے

آرمی کی حائقہ حسن نے آرمی ہی کی حور فواد کو  0-4 سے مات دے کر دوسرا گولڈ میڈل جیتا، سلور میڈل حاصل کرنے والی حور فواد قبل ازیں  مکسڈ ڈبلز اور ویمنز ٹیم ایونٹ  کی فاتح  کی حیثیت سے 2 گولڈ میڈلز اپنے نام کرچکی تھیں، پنجاب کی فاطمہ خان  اور واپڈا کی عائشہ شرجیل برانز میڈلز کی حقدار ٹہریں، مینز ڈبلز میں  واپڈا نے پنجاب اور ویمنز ڈبلز میں آرمی کو ہرا کر گولڈ میڈل جبکہ مکسڈ ڈبلز میں آرمی نے گولڈ اور سلور میڈل جیتاتھا، اسکواش میں آرمی اور واپڈا نے 2، 2 گولڈ میڈلز باہم تقسیم کیے۔

مردوں کے انفرادی ایونٹ کے فائنل میں  واپڈا کے ناصر اقبال نے آرمی کے اشعب عرفان کو 0-3 سے زیر کرکے گولڈ میڈل جیتا، پی اے ایف کے محمد عماد اور وقار محبوب نے برانز میڈلز حاصل کیا، آرمی کی آمنہ فیاض واپڈا کی مہوش علی کو 1-3 سے ہرا کر ویمن سنگلز ٹائٹل کی فاتح رہیں، پنجاب کی روشنا محبوب اور واپڈا کی نور العین برانز میڈلز پر قابض ہوئیں، مردوں کے ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے گولڈ، آرمی نے سلور جبکہ ایچ ای سی اور پی اے ایف نے برانز میڈل جیتا، خواتین  کے ٹیم ایونٹ میں آرمی  نیگولڈ، واپڈا نے سلور جبکہ سندھ اور خیبر پختونخوا نے برانز میڈلز جیت لیے۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز؛ جیولین تھرو میں ارشد ندیم کا راج، گولڈ میڈل پر قبضہ

دریں اثنا آخری اطلاعات آنے تک پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق نیشنل گیمز میں 12 سو 10 میڈلز کا فیصلہ ہوا، ان میں 355 گولڈ، 353 سلور اور 502 برانز میڈلز شامل ہیں، پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر 378 میڈلز جمع کرلیے،آرمی 189 گولڈ،126 سلور اور 63 برانزمیڈل جیت کر گیمز کی فاتح رہی،  دوسری پوزیشن پر براجمان ہونے والی واپڈا کے 276 تمغوں میں  105 گولڈ، 93 سلور اور 78 برانز میڈلز شامل رہے۔

پاکستان نیوی 108 میڈلز جیت کر تیسری پوزیشن پانے میں کامیاب رہی، ان میں 28 گولڈ، 32 سلور اور  48 برانز میڈلز شامل ہیں، پی اے ایف  چوتھے، ایچ ای سی 5 ویں، سندھ چھٹے، خیبر پختون خواہ 7ویں، پنجاب 8 ویں، ریلویز 9 ویں، میزبان بلوچستان 10 ویں، پولیس 11ویں اور اسلام آباد 12 ویں نمبر پر رہا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کوئی بھی میڈل پانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button