شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کل تک طلب
لاہور: ہائی کورٹ نے شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کل تک طلب کرلیں۔
پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی، جس میں جسٹس علی باقر نجفی نے شاہ محمود قریشی کےخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ کل تک بتایاجائے کہ شاہ محمود قریشی کےخلاف کتنے مقدمات درج ہیں۔
شاہ محمود قریشی کی بیٹی گوہربانو کےوکیل نے سماعت کے دوران دلائل دیے۔ مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ واقعات میں تحریک انصاف کےہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیاگیا، شاہ محمود قریشی سمیت سیکڑوں عہدیدراوں اور کارکنوں کو تھری ایم پی او کے تحت نظربند رکھا گیا۔ عدالت عالیہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کرچکی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ عبوری ضمانت کےباوجود تھری ایم پی او کےتحت دوسری بارنظربند کردیاگیا۔شاہ محمود قریشی کو نامعلوم مقدمے میں گرفتاری کاخدشہ ہے۔عدالت شاہ محمود قریشی کےخلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کاحکم دے۔عدالت شاہ محمود قریشی کو ہراساں کرنے سے روکنے کےبھی احکامات صادرکرے۔