ٹی20 ورلڈکپ؛ ویسٹ انڈیز، امریکا کی میزبانی کو خطرہ
لاہور: ٹی20 ورلڈکپ کی امریکی میزبانی خطرے میں پڑگئی جب کہ انفرا اسٹرکچر کی کمی کے سبب میگا ایونٹ کسی دوسرے ملک منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکا اور ویسٹ انڈیز کو دی گئی تھی مگر امریکا میں انفراسٹرکچر کے حوالے سے کوئی اچھی اطلاعات سامنے نہیں آرہیں، یہاں ابھی تک کرکٹ اسٹیڈیمز انٹرنیشنل معیار کے نہیں، ویسٹ انڈیز کی صورتحال بھی حوصلہ افزا نہیں، کم وقت میں ورلڈکپ کیلیے دونوں ملکوں میں وینیوز کی تیاری مشکل ہے، اسی لیے آئی سی سی ٹورنامنٹ کسی اور ملک میں منتقل کرنے کا سوچ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلہ امریکا میں ہونے کا امکان
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کی درخواست کی جاسکتی ہے، یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے پاس ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکا کو 2030 میں میزبانی دی جاسکتی ہے۔
سابق چیئرمین یو ایس اے کرکٹ ڈاکٹر اتل رائے کا کہنا ہے کہ امریکا میں موجودہ صورتحال دیکھ کر ورلڈکپ کی میزبانی مشکل لگتی ہے، امریکا میں موجودہ سہولیات آئی سی سی کے معیار کے برابر نہیں ہیں، فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے میچز ہوچکے ہیں مگر ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی کیلیے وہاں بھی سہولیات میں بہت زیادہ بہتری لانے کی ضرورت ہے، اب یہ آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ امریکا میں اسٹیڈیمز پر سرمایہ کاری کرتی یا میزبانی کسے دوسرے ملک کو دینے کا فیصلہ ہوتا ہے۔