تنصیبات کو نذرآتش کرنے والا یوٹیوب پر انہی سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے، مریم نواز
ملتان: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ آج وہ شخص یوٹیوب پر انہی لوگوں سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے جن کی تنصیبات کو نذرآتش کرنے نکلا تھا۔
ملتان میں عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اقتدار ہاتھ میں آتے ہی اصلیت کھل کر قوم کے سامنے آگئی اور اپنا ہی ملک کی حساس تنصیبات کو جلا ڈالا دراصل یہ اقتدار جانے کا صدمہ تھا اور یہ صدمہ اتنا گہرا تھا کہ شہد کی یادگاریں بھی جلا دیں۔
انہوں نے کہا کہ تنصیبات کو نذر آتش کرنے کا منصوبہ باز زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہے اور جب سوال کیا جائے تو کہتا ہے کہ مجھے کیا معلوم، میرے کارکنوں نے کردیا ہوگا، اور جب جب مشکل وقت آیا اپنے ہی کارکنوں کو بس کے نیچے پھینک دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ اس ایک شخص نے بچوں کے ہاتھوں سے لیپ ٹاپ، قلم اور کتابیں لے کر ماچس اور پٹرول بم دے دیا اور خود اپنے بچوں کو محفوظ کیا ہوا ہے اور ادھر قوم کے بچوں کو تکلیف دے رہا ہے۔