انٹر نیشنل

ہم مسئلہ کشمیر کو ہرگز فراموش نہیں کر سکتے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید

، کشمیر میں امن کا قیام پورے جنوب ایشیا کے خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے علی رضا سید

برسلز: (امن نیوز انٹرنیشنل ) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور ہم اس مسئلے کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے۔
خطے کی موجودہ صورتحال اور خصوصاً مشرق وسطیٰ کے سنگین جنگی ماحول کے تناظر میں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دنیا کو کشمیریوں کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کو ہرگز نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کشمیری رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہمہ تن کوشاں رہیں۔ خاص طور پر یورپ اور مغربی ممالک میں مقیم کشمیری شخصیات کو متحد ہو کر مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔

کشمیر کونسل ای یو کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ “ہمیں دیگر عالمی مسائل میں الجھنے کے بجائے اپنی تمام تر توانائیاں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مرکوز کرنی چاہئیں۔”

کشمیری عوام کے جذبے کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری خود مظلوم ہیں، اسی لیے انہیں دنیا کے دیگر مظلوموں کا احساس ہے اور وہ ہر مظلوم کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں پر اپنے مظالم جاری رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام ہرقسم کی آزادی سے محروم ہیں لیکن ان مظالم کے باوجود وہ اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مزید کہاکہ “ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں امن قائم ہو اور تمام مسائل کا حل پرامن طریقے سے نکالا جائے۔” جنگیں و قتل و غارت مسائل کا حل نہیں، مسائل کو پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔آخر میں انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرے، کیونکہ کشمیر میں امن کا قیام پورے جنوب ایشیا کے خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button