بابراعظم ٹیسٹ میں کوہلی سے کوسوں آگے نکل گئے
کراچی: بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ میں ویراٹ کوہلی سے کوسوں آگے نکل گئے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا دورانیہ آسٹریلیا کے چیمپئن بننے پر ختم ہوا، اس بار بھی بھارتی ٹیم ہی رنر اپ رہی، یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب وہ چیمپئن شپ کا فائنل تو کھیل رہی تھی مگر گرز حریف سائیڈ اٹھاکر لے گئی۔
بھارت کی دوسرے دورانیے میں بھی کارکردگی کافی اچھی رہی، بیٹرز رنز بناتے رہے مگر چوتھی پوزیشن بھارتی ٹیم کی کمزور کڑی ثابت ہوئی , یہی بیٹنگ آرڈر میں سب سے اہم پوزیشن ہے جہاں پر دنیا کے نام گرامی بیٹرز کھیلا کرتے ہیں۔
Advertisement
بھارت کی جانب سے کوہلی، آسٹریلوی اسٹیون اسمتھ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، انگلش اسٹار جو روٹ اور پاکستانی کپتان بابراعظم اس پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم، کوہلی اور اسٹیو اسمتھ موجودہ دور کے ’عظیم کھلاڑی‘ قرار
2021-23کے ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیے میں سوائے چوتھی پوزیشن کے باقی تمام پر بھارتی بیٹرز کی پرفارمنس اپنی پوزیشن کے حریف بیٹرز سے بہتر رہی، بھارتی بیٹنگ میں چوتھی پوزیشن پر رنز کی اوسط 34.65رہی ،ان کے حریفوں کی اس پوزیشن پر ایوریج 45.58 ہے۔ کوہلی نے اس دورانیے میں 17 ٹیسٹ کھیل کر 932 رنز بنائے۔
بابراعظم نے اس ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیے کی 20 اننگز کے دوران 69.10 کی اوسط سے رنز اسکور کیے، اسٹیون اسمتھ کی اوسط 55.40 رہی، جو روٹ 54.20 اور انجیلو میتھیوز 48.40 کی ایوریج سے رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ فائنل میں شکست کے بعد بھارتی سابق اسٹارز اور شائقین ٹیم خصوصا کوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔