کھیل وکھلاڑی

ایک گیند پر 18 رنز، تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں تاریخ رقم

تامل ناڈو: تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں میچ کے دوران ایک بال پر 18 رنز  بننے کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

ٹی این پی ایل کا یہ ٹی ٹوئنٹی میچ  چیپک سپر گلیز اورسلیم سپارٹنزکے درمیان کھیلا جارہا تھا۔ چیپک سپر گلیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سپرگلیز کی ٹیم 19  اوورز میں 191 رنز بناچکی تھی۔

سلیم  سپارٹنز کے کپتان ابھیشک تنوار نے اننگز کا آخری اوور خود کرانے کا فیصلہ کیا، مگر انہیں نہیں معلوم تھا کہ ان کا یہ اوور تامل ناڈو پریمیئر لیگ کے لیے ریکارڈ ساز ثابت ہوگا۔

Advertisement

پانچ گیندیں  کرا لینے کے بعدابھیشک آخری گیند پھینکنے کے لیے تیار تھے۔ پانچ بالز پر چیپک سپرگلیز کے  بیٹرز آٹھ رنز بناچکے تھے۔

ابھیشک تنوار نے بال کرائی جس پر بیٹر کلین بولڈ ہوگئے، مگر امپائر نے نوبال کا اشارہ کردیا۔

ابھیشک کی اگلی بال بھی نوبال ثابت ہوئی جسے بیٹر نے باؤنڈری لائن سے باہر پھینک دیا، یوں دو نوبالز پر اسکور میں 8 رنز کا اضافہ ہوگیا۔

ابھیشک کی بدقسمتی کہ ان کی تیسری بال کراتے ہوئے بھی ان کا پاؤں کریز سے باہر نکل گیا، اس بال پر  بیٹرز نے دو رنز بنائے۔

اگلی بال وائڈ رہی اور اسکور میں ایک اور رنز کا  اضافہ ہوگیا۔

ابھیشک کی آخری بال اگرچہ قانونی ڈلیوری تھی مگر بیٹر نے اس پر  بھی چھکا جڑ دیا، یوں تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں آخری گیند پر 18  رنز  بننے کا ریکارڈ  قائم ہوگیا۔

ابھیشیک نے مسلسل نوبالز اور وائیڈ کرانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہوا کے رخ کی وجہ سے وہ گیند پر کنٹرول نہیں رکھ پائے۔

آخری اوور میں 26 رنز بننے سے چیپک سپر گلیز کا اسکور 217 تک پہنچ گیا، جس کے جواب میں سلیم سپارٹنز کی ٹیم 165  رنز بناپائی اور اسے 52  رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button