آئی سی سی اب بھارت ہے! یہ صرف پیسوں کا گیم ہے، عاقب جاوید اسپورٹس رپورٹر منگل 4 جولائی 2023
لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا مطلب بھارت ہے اور یہ صرف پیسے کا گیم ہے، ہمارے پاس بھارت جاکر کھیلنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
لاہور میں ورلڈ اسپورٹس جرنلزم ڈے کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ چیئرمین شپ کا کرکٹر سے کوئی تعلق نہیں، کرکٹر کو سلیکٹر ہونا چاہیے یا کوچنگ اسٹاف میں ہونا چاہیے، ہم انفرادیت پر چل رہے ہیں جس کی وجہ سے کرکٹ بورڈ میں مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ورلڈکپ کیلئے فیورٹ ٹیم تصور کرتا ہوں، ہمارے پاس میچ ونر پلئیرز ہیں، آج کی پاکستان کی ٹیم بہت اچھی ہے اور اس کا کریڈٹ پی ایس ایل کو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ، میتھیو ہیڈن نے شاداب کو پاکستان کیلیے ٹرمپ کارڈ قرار دے دیا
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بھارت کی کنڈیشنز میں پاکستان ٹیم جیسا کمبینیشن کسی کے پاس نہیں، شاہین آفریدی، فخر زمان، بابراعظم جیسے اسٹار کھلاڑی کسی بھی وقت کسی بھی ٹیم کے خلاف کھیل کا نقشہ پلٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔