کھیل وکھلاڑی

دورہ سری لنکا؛ گرین شرٹس آج اُڑان بھریں گے

کراچی: لنکا ڈھانے کے مشن پرگرین کیپس ہفتے کو کولمبو کیلیے اڑان بھریں گے۔

دورہ سری لنکا کی تیاری کیلیے پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا 4 روزہ تربیتی کیمپ ختم ہو گیا، گرین کیپس 2میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلیے ہفتے کی شب کراچی سے کولمبو روانہ ہوں گے،نئی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ ٹیم کی پہلی آزمائش ہوگی۔

سری لنکا کی مشکل کنڈیشنز کے باوجود قومی کرکٹرز مہم کا فاتحانہ آغاز کرنے کیلیے پْرعزم ہیں، انھیں مثبت انداز میں جاندار کرکٹ کھیلنے کا سبق پڑھا دیا گیا ہے۔

 

گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل اکیڈمی گراؤنڈ پر صرف صبح کے سیشن میں پریکٹس ہوئی، روانگی سے قبل ٹریننگ کے آخری موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرکٹرز نے صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،وارم اپ کے بعد ہلکی پھلکی ورزشوں سے آغاز ہوا،اس کے بعد کھلاڑیوں کے ایک سیٹ نے نیٹس کا رخ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ سری لنکا؛ قومی ٹیم کا 4 روزہ تربیتی کیمپ ختم

دوسرا مختصر سیناریو بیس میچز سے خود کو مشکل چیلنج کیلیے تیار کرتا نظر آیا،پیسرز اور اسپنرز کی گیندوں پر بیٹنگ تکنیک میں بہتری لانے کیلیے کام کیا گیا، بابر اعظم، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے طویل سیشن کیے،سلو بولرز نے سری لنکن کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے کئی تجربات بھی کیے،کوچز اچھی گیندوں پر داد دیتے رہے، آخر میں ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے مختصر لیکچر میں کھلاڑیوں کو سیریز میں ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی کیلیے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

چند کرکٹرز کو جمعے کی شب حارث رؤف کی دعوت ولیمہ میں شرکت کیلیے اسلام آباد جانا تھا، مگر خراب موسمی حالات کے سبب کسی پریشانی سے بچنے کیلیے پی سی بی نے سفر سے روک دیا۔

بورڈ ترجمان کے مطابق موسم خراب رہا تو کرکٹرز کو ہفتے کے روز کراچی واپسی میں مشکل پیش آسکتی تھی، اس صورتحال میں بیشتر کھلاڑیوں نے کراچی میں ہی شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی کی تقریب رخصتی میں شرکت کی، ویزہ مسائل کے سبب پاکستان نہ پہنچ پانے والے بولنگ کوچ مورنے مورکل دبئی میں اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

یاد رہے کہ ہفتے کی شب کراچی سے روانہ ہونے والا پاکستانی اسکواڈ ہمبنٹوٹا میں 11اور12جولائی کو2روزہ وارم اپ میچ کھیلے گا، پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16سے 20 جولائی تک شیڈول ہے، دوسرا میچ کولمبو میں 24سے 28جولائی تک ہوگا۔

اسکواڈ میں بابراعظم ( کپتان )، محمد رضوان (نائب کپتان )، عامر جمال، عبداللہ شفیق،ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ،نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد،سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین اب تک 57ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے گرین کیپس نے 21میں فتح پائی، 17میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 19مقابلے ڈرا ہوئے۔

آئی لینڈ میں کھیلے جانے والے 25میچز میں سے 9میں پاکستان سرخرو ہوا، 8میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اتنے ہی مقابلے ڈرا ہوئے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button