پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سیاسی طور پر متحرک، جلسے کرنے کا اعلان
پشاور: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز سیاسی سرگرمیوں کے لیے متحرک ہوگئی ہے، پشاور میں پارٹی سیکرٹریٹ قائم کردیا گیا ہے۔ پرویزخٹک پارٹی کے چیئرمین اور محمود خان وائس چیئرمین ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز نے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پشاورمیں یونیورسٹی ٹاؤن میں پارٹی سیکرٹریٹ قائم کردیا گیا ہے، اور سیکریٹریٹ پر پارٹی پرچم بھی لہرادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق ایم این اے حاجی شوکت علی اور سابق صوبائی وزیر اشتاقی ارمڑ کو پارٹی سیکرٹریٹ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے صوبے بھر میں جلسے کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، پہلا جلسہ نوشہرہ میں 19 اگست کو کیا جائے گا۔ پارٹی رہنما حاجی شوکت علی کے مطابق پارٹی کو متحرک کرنے کے لیے کور کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے مشاورت سے کریں گے ون مین شو نہیں ہوگا۔ حاجی شوکت علی نے بتایا کہ پارٹی کے انتخابی نشان کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا، اس سلسلے میں ابھی تجاویز مانگی گئی ہیں۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے دو مزید نظریاتی رہنما اسرار باچا اور ریاض خان پرویز خٹک گروپ میں شامل ہوگئے ہیں۔