بین الاقوامی

سعودی عرب میں یوکرین امن فارمولے پر عالمی مذاکرات کا اعلامیہ جاری

جدہ: سعودی عرب کی سربراہی میں ہونے والے یوکرین امن فارمولے پر عالمی مذاکرات کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئے جس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  اس مذاکرے نے امن کی مشترکہ بنیاد فراہم کردی۔

سعودی میڈیا کے مطابق یوکرین امن فارمولے پر ہونے والے عالمی مذاکرات میں اقوام متحدہ سمیت 40 سے زیادہ ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تین روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرکاء نے روس اور یوکرین جنگ کے حل کے لیے مشاورت جاری رکھنے اور مجوزہ آراء سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا ہے۔

 

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شرکاء سمیت عالمی قوتوں نے بھی سعودی عرب کی اس کاوش کو سراہا ہے اور اجلاس میں پیش کی گئیں تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

جدہ میں ہونے والے عالمی مذاکرات میں اقوام متحدہ، یورپی کمیشن اور کونسل آف یورپ کے نمائندوں سمیت امریکا، برطانیہ، جرمنی، بھارت، فرانس، چین، جاپان اور دیگر ممالک کے حکام نے شرکت کی۔

ادھر چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یوکرین کے بحران کے حل پر سعودی عرب میں ہونے والے حالیہ بین الاقوامی مذاکرات سے بین الاقوامی اتفاق رائے کو مستحکم کرنےمیں مدد ملے گی۔

یوکرین نے بھی سعودی عرب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا میں استحکام کے لیے روس کی یوکرین پر مسلط کی گئی جنگ کا خاتمہ نہایت ضروری ہے۔

روس کی جانب سے سعودی عرب میں ہونے والے امن فارمولہ مذاکرات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button