’’پاک بھارت میچز؛ نوجوان کرکٹرز کیلئے ہیرو بننے کا موقع ہیں‘‘
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچز میں نوجوان کھلاڑیوں کے پاس ہیرو بننے کا موقع ہوتا ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا کہ ’’ ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت کے مقابلے ہوسکتا ہے کہ کمزور دل والوں کیلئے موزوں نہ ہوں تاہم کرکٹرز کیلئے اِن میچز سے بہتر کوئی پلیٹ فارم نہیں ہوسکتا کہ وہ قوم کے ہیرو بنیں‘‘۔
شعیب اختر نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 1999 کی پاک بھارت سیریز میں ایڈن گارڈرنز کے میدان پر جب بھارتی کرکٹ میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے کے بعد میرا کیریئر بدل گیا، وہ اُسوقت بھارت کے سب سے بڑے بلےباز تھے۔
مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ پاک بھارت میچ کے مہنگے ٹکٹس چند گھنٹوں میں فروخت
واضح رہے کہ یادگار میچ میں بھارت 147-2 پر بیٹنگ کر رہا تھا تو شعیب اختر نے راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کیا تھا، بعدازاں پوری ٹیم محض 223 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ پاک بھارت مقابلے پر ویرات کوہلی نے کُھل کر بات کردی
دوسری جانب ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو کینڈی میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔