ٹرمپ انتظامیہ کا عالمی منصوبہ

امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے ایک نئے عالمی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس میں اقوام متحدہ کی مدد سے ممالک پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد امداد کی بجائے تجارت کو ترجیح دینا ہے۔
واشنگٹن (16 اپریل 2026): امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے ایک نیا عالمی منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے لئے اقوام متحدہ کو استعمال کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ دنیا بھر کے ممالک پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ ایک ایسے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کریں جس میں ‘امداد کی بجائے تجارت’ کو ترجیح دینے کی بات کی گئی ہے۔ اس اعلامیے میں امریکا کی اس تاریخی حیثیت کو مسترد کیا گیا ہے کہ جو ترقی پذیر دنیا کو انسانی ہمدردی کی امداد اور دیگر معاونت فراہم کرنے والا بڑا ملک رہا ہے۔ بدھ کے روز تمام امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امریکی سفارت کاروں کو اس منصوبے کے نکات سے واقف کرا دیا۔




