پاکستان نے فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی تمغے جیتے

پاکستان نے 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی کے تمغے جیتے۔ ذوالفقار علی، علی حمدان علوی، اور دانیال شہزاد حامد نے اس کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستان نے 4 سے 12 جولائی 2026 تک کولمبیا کے شہر بوکارامانگا میں منعقد ہونے والے 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی کے تمغے جیت کر عالمی سائنسی میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کی۔
یہ کامیابی گورنمنٹ سٹی بوائز اسکول، ڈیرہ غازی خان کے ذوالفقار علی، ایف جی سر سید کالج، راولپنڈی کے علی حمدان علوی، اور دی سائنس اسکول، روات، اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد کی شاندار کارکردگی کا نتیجہ ہے۔
اس کے علاوہ ایچی سن کالج، لاہور کے حزہ محمود اور صدیق پبلک اسکول، راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز کو بھی اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔
یہ بین الاقوامی مقابلہ دنیا بھر کے نوجوان سائنسدانوں کو فزکس کے مشکل مسائل حل کرنے اور تجرباتی چیلنجز کا سامنا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی کامیابی ملک میں سائنسی تعلیم کی بڑھتی ہوئی سطح اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔




