اسرائیلی بمباری، معروف فلسطینی اداکارہ اپنی دو بیٹیوں سمیت شہید
غزہ میں جاری وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں معروف فلسطینی اداکارہ ایناس السقا بھی اپنے دو بیٹیوں سمیت شہید ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی بمباری نے فلسطین کی معروف اداکارہ ایناس السقا کے گھر کو بھی نشانہ بنایا جس وقت اداکارہ کے گھر پر بمباری ہوئی تو وہ اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ گھر میں موجود تھیں۔
اس بمباری کے نتیجے میں اداکارہ ایناس السقا اور اُن کی دو بیٹیاں لین اور سارہ شہید ہوگئیں، فلسطینی وزارت ثقافت نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر اداکارہ اور اُن کی بیٹیوں کی شہادت کا اعلان کیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے بہت سی کمیونٹی انٹرایکٹو سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا تھا، اُنہوں نے انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
مزید پڑھیں: غزہ کی معروف شاعرہ بھی اسرائیلی بمباری میں شہید
اس سے قبل اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 12 سالہ فلسطینی یوٹیوبر عونی الدوس اور معروف مصنفہ و شاعرہ حبا ابوندا بھی شہید ہوگئیں تھیں۔
غزہ کی معروف مصنفہ حبا ابوندا نے اپنی شہادت سے ایک روز قبل سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں کہا تھا کہ “اگر ہم مرجائیں تو جان لیں کہ ہم ثابت قدم ہیں اور ہم سچے ہیں”۔
واضح رہے کہ غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 50 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 21 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی بمباری میں 12 سالہ فلسطینی یوٹیوبر بھی شہید
اسرائیل نے غزہ کے شمالی علاقے میں القدس اسپتال اور انڈونیشیا کے ایک اسپتال کو نشانہ بنایا جبکہ مشرقی علاقے میں ترکیہ کے ایک اسپتال اور جنوبی علاقے میں ایک یورپی اسپتال پر بھی بمباری کی۔