’دی کپل شرما شو‘ کی ایک قسط کے دس لاکھ روپے ملتے تھے، نسیم وکی
لاہور: نسیم وکی پاکستانی انڈسٹری کے نامور کامیڈین اداکار ہیں اور یہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا میں منوا چکے ہیں۔
ایک تازہ پوڈ کاسٹ میں اپنے کیریئر پر گفتگو کے دوران نسیم وکی نے اس بات کا انکشاف بھی کیا ہے کہ انہیں معروف انڈین کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں پرفارمنس کا کیا معاوضہ ملا کرتا تھا۔
نسیم وکی کافی عرصہ ’دی کپل شرما شو‘ کا حصہ رہے اور انہیں وہاں بہت پسند کیا جاتا تھا لیکن پاکستان اور انڈیا کے درمیان تناؤ کی وجہ سے انہیں شو چھوڑنا پڑا۔
کامیڈی اداکار نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ یوٹیوبرز غلط قسم کے تھمب نیل بنا کر یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ وہ کپل شرما شو کے خلاف بول رہے ہیں۔
نسیم وکی کا کہنا تھا کچھ لوگوں نے یہ ویڈیوز کپل شرما کو بھیجیں تاکہ وکی کو بدنام کرسکیں اور انہیں وضاحت کرنی پڑی کہ انہوں نے کبھی کپل شرما شو کیخلاف باتیں نہیں کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شو میں ان کو ایک قسط کے چار سے پانچ لاکھ انڈین روپے ملتے تھے جو اس وقت پاکستان کی کرنسی میں ڈبل (تقریباً دس لاکھ) بن جاتے تھے۔