’دلوں کے کپتان‘ بابر پر محبت کے پھول نچھاور
کراچی: ’دلوں کے کپتان‘ بابر اعظم پر کرکٹرز نے محبت کے پھول نچھاور کردیے۔
ورلڈکپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی کی جانب سے بابراعظم کو وائٹ بال کرکٹ کی قیادت چھوڑنے کو کہا گیا مگر انھوں نے تینوں ہی فارمیٹس میں استعفیٰ دے دیا، پھر سوشل میڈیا پر اپنے فیصلے سے شائقین کو آگاہ کردیا۔
بابر کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ سابق کرکٹرز نے بھی انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا کہ مجھے آپ کی قیادت میں کھیلنے پر فخر ہے، میں اس دوران کئی نشیب و فراز سے گزرا مگر آپ نے ہمیشہ ہی سپورٹ کیا، میں بابر کو پاکستان کیلیے رنز کے مزید انبار لگاتے ہوئے دیکھنے کا منتظر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کے کپتانی چھوڑنے پر کیوی بیٹر نے اپنے ردعمل کا اظہار کردیا
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ میرے 4 برس بہت ہی شاندار گزرے، آپ کی قیادت میں وائٹ بال ڈیبیو کیا، آپ نے ہمیشہ لیڈ فرام فرنٹ کی مثال قائم کی اور ہمیں ’ایک ٹیم، ایک خواب‘ پر یقین دلایا، انشااللہ ہم آپ کو مزید کئی بیٹنگ ریکارڈ توڑتے ہوئے دیکھیں گے۔
سابق کرکٹر اظہر علی نے کہا کہ بطورکپتان بہترین خدمات پر بابر کا شکریہ، مجھے پورا یقین ہے کہ یہ کپتانی کی ان کی آخری اننگز نہیں ہوگی، ہر چیز اچھے اور سیکھنے کیلیے ہوتی ہے۔ سعید اجمل نے بھی بابراعظم کی بطورکپتان خدمات کو سراہا،ساتھ بطور بیٹر فتوحات میں کردار ادا کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔