خلیل الرحمٰن کی ماہرہ خان کے بعد صبا قمر پر بھی سخت تنقید
لاہور: پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے سُپر اسٹار ماہرہ خان کے بعد صبا قمر پر بھی شدید تنقید کر دی۔
حال ہی میں خلیل الرحمٰن نے ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام ’ ٹاک ٹاک شو‘ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے عورت مارچ میں لگنے والے نعرے ’ میرا جسم میری مرضی‘ سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔
شو کے میزبان نے خلیل الرحمٰن سے سوال کیا کہ “اگر اداکاراوْں پر کتاب لکھی جائے تو اُس کتاب کا عنوان کیا ہوگا؟”، میزبان نے سب سے پہلے معروف اداکارہ صبا قمر کا نام لیا اور پوچھا کہ “ان پر لکھی گئی کتاب کا عنوان کیا ہوگا؟”
میزبان کے سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن نے سخت لہجے میں کہا کہ “میں کبھی بھی صبا قمر پر کوئی کتاب نہیں لکھوں گا”۔
خلیل الرحمٰن کا جواب سُن کر میزبان نے اُن سے صبا قمر پر کتاب نہ لکھنے کی وجہ پوچھی تو ڈرامہ نگار نے کہا کہ “معذرت کے ساتھ لیکن میں نے حالیہ لکس اسٹائل ایوارڈز میں صبا قمر کی لباس دیکھا جس کے بعد میرا دل اُچاٹ ہوگیا”۔
پروگرام ’ ٹاک ٹاک شو‘ کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جہاں صارفین کی جانب سے خلیل الرحمٰن کی حمایت کی جارہی ہے، صارفین نے کہا کہ پاکستان میں کوئی تو ایسی شوبز شخصیت ہے جس نے پاکستانی اداکاراوْں کے لباس کے بارے میں بات کی۔
یاد رہے کہ لکس اسٹائل ایوارڈز 2023 کی تقریب میں صبا قمر نے بولڈ ڈریسنگ کی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں: ماہرہ خان نے مجھے اپنی شادی پر نہیں بُلایا: خلیل الرحمٰن کا شکوہ
خیال رہے کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے ڈراما نگار پر خوب تنقید کی تھی جس میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں۔
ماہرہ خان کی تنقید کے بعد خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ اللہ وہ وقت نہ لائے کہ مجھے کبھی ماہرہ خان کو معاف کرنا پڑے، ماہرہ خان کہیں ملیں اورسلام کیا توجواب دوں گا لیکن انہیں معاف نہیں کروں گا۔