امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری پر فرد جرم عائد
واشنگٹن: امریکی عدالت نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری پر فرد جرم عائد کردی۔
خبر ایجنسی کے مطابق مین ہٹن میں سماعت کے دوران وفاقی پراسیکیوٹر نے کہا کہ سکھ رہنما گرپتوت سنگھ کو قتل کرنے کا ٹاسک بھارتی حکومت کے افسر نے نکھل گپتا نامی شخص کو دیا اور پھر پورا قتل کا منصوبہ بنایا گیا۔
استغاثہ کے مطابق سکھ رہنما پر حملے اور انٹیلی جنس رپورٹ کی روشنی میں رواں سال جون میں پولیس نے چیک ری پبلک سے نکھل گپتا کو گرفتار کیا جس نے تفتیش کے دوران قتل کے منصوبے کا اعتراف کیا۔
مزید پڑھیں: مودی کیلیے نئی پریشانی؛ امریکا نے سکھ رہنما قتل سازش کی تحقیقات شروع کردیں
امریکی محکمہ انصاف کے ان الزامات پر واشنگٹن میں بھارت کے سفارتخانے نے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
گزشتہ ہفتے امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ امریکی حکام نے امریکا میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا تھا اور بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے خدشات پر نئی دہلی کو وارننگ بھی جاری کی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل برطانوی اخبار نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت سکھ گرپتونت سنگھ پنوں کو امریکا میں قتل کرنا چاہتا تھا جس کے بعد امریکی انٹیلی جنس نے اس سازش کو ناکام بنادیا تھا اور بھارت کو بھی خبردار کیا تھا۔