مری میں اسکائی گلاس برج اور سیاحتی منصوبوں کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری کے علاقے کوٹلی ستیاں میں صوبے کے پہلے اسکائی گلاس برج منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ مری میں سیاحت کے فروغ اور لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری کے علاقے کوٹلی ستیاں میں اسکائی گلاس برج پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ یہ پنجاب کا پہلا اسکائی گلاس برج ہوگا جسے کوٹلی ستیاں میں سیاحت کے فروغ کے لیے تعمیر کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مری تحفظ و بحالی پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مڈ فلو ڈاؤن ہل ایفکٹ کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی، جبکہ چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی نمل، جھیکا گلی اور دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے بھی لائحہ عمل تیار کیا گیا۔




