شوبز

عامر خان کی فلم ‘دنگل’ کی اداکارہ کی موت کے بعد ان کے والدین سے ملاقات

نئی دہلی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی سُپر ہٹ فلم ‘دنگل’ کی اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی موت کے بعد ان کے والدین سے ملاقات کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوہانی بھٹناگر کی موت کے چند دن بعد، عامر خان نے 22 فروری جمعرات کی شام فرید آباد میں اداکارہ کے گھر جاکر اُن کے والدین اور رشتہ داروں سے ملاقات کی۔

سوہانی کے والدین سے ملاقات کے بعد عامر خان نے اداکارہ کی بیماری کے بارے میں بات کی اور ان کی اچانک موت پر تعزیت کی، سوہانی کے چچا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کے ان کے گھر آنے کی خبر کی تصدیق کی۔

 

عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے بھی سوہانی بھٹناگر کی موت پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہمیں ہماری سوہانی کی موت کے بارے میں سُن کر بہت دکھ ہوا ہے، ان کے والدین اور پورے خاندان کے ساتھ ہماری دلی تعزیت ہے۔

پروڈکشن ہاؤس نے سوہانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت نوجوان اداکارہ تھیں، اُن کے بغیر فلم ‘دنگل’ ادھوری تھی، سوہانی ہمیشہ ہمارے دلوں میں اسٹار بن کر زندہ رہے گی۔

 

اس سے قبل 19 سالہ سوہانی بھٹناگر کے والد نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ اُن کی بیٹی ڈرماٹومیوسائٹس (Dermatomyositis) کے مرض میں مبتلا تھیں، یہ ایک نایاب مرض ہے جس میں جسم پر سوجن آتی ہے، جِلد پر دانے نکل آتے ہیں اور پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور اس مرض کا واحد علاج سٹیرائیڈز ہے۔

مزید پڑھیں: فلم ‘دنگل’ کی اداکارہ کونسے نایاب مرض میں مبتلا تھیں؟ والد نے بتا دیا

سوہانی کے والد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری سے صحتیاب ہونے میں کافی وقت لگتا ہے۔ تاہم، کمزور قوت مدافعت کی وجہ سے، سوہانی کو اسپتال میں انفیکشن ہوگیا تھا، سوہانی کے پھیپھڑے کمزور ہوگئے تھے جس کی وجہ سے پھیپھڑوں میں پانی بھرگیا تھا، سانس لینا مشکل ہو گیا تھا اور 16 فروری کی شام سوہانی دُنیا سے رخصت ہوگئی۔

واضح رہے کہ سوہانی بھٹناگر نے عامر خان کی سُپر ہٹ فلم ‘دنگل’ میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، دنگل کے بعد سوہانی نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔

مزید پڑھیں: زائرہ وسیم ساتھی اداکارہ کی اچانک موت پر صدمے سے دوچار

اس فلم میں عامر خان کو پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کے کردار میں دکھایا گیا تھا جو اپنی بیٹیوں گیتا پھوگاٹ اور ببیتا کماری کو بھارت کی پہلی عالمی سطح کی خاتون پہلوان بننے کے لیے تربیت دیتا ہے۔

فاطمہ ثنا شیخ اور سانیا ملہوترا نے عامر خان کی بیٹیوں کے بالغ کردار جبکہ زائرہ وسیم اور سوہانی بھٹناگر نے ان کے بچپن کے کردار ادا کیے تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button