پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، طالبان
کابل: افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےپاکستان میں عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والے حکومت سے اچھے توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم پاکستان کی نئی حکومت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔
طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کی نئی حکومت سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے فیصلے پر لچک دکھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہوں نے مہاجرین کی کئی برسوں تک میزبانی کی ہے اور اب انہیں مہاجرین کی واپسی تک افغانستان سے تعلقات کے حوالے سے اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ ہمیشہ پاکستان سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے، پاکستان میں نئی حکومت قائم ہوئی ہے اور افغانستان کو بھی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی ضرورت ہے۔
طالبان حکومت کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کی توسیع، افغان تاجروں کے چیلنجز اور سرحد سے متعلق مسائل کے حل سمیت مختلف مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، سفارتی، ثقافتی اور مذہبی معاملات میں اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہمیں امید ہےکہ نئی حکومت اس پر غور کرے گی۔