پی ایس ایل 8؛ کنگز اور گلیڈی ایٹرز بقا کی جنگ میں مصروف
کراچی: پاکستان سپر لیگ میں پیر کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں بقاکی جنگ میں مصروف ہوں گے۔
کنگز اب تک سیزن کے 8 میچز میں صرف 2 فتوحات ہی سمیٹ پائی ہے، جس کے نتیجے میں ٹیم محض 4 پوائنٹس جوڑ کر پانچویں نمبر پر ہے، اگر مگر کے چکر میں کنگز کے پاس آگے بڑھنے کی مدہم سی امید ہے، تاہم اس کی پیشرفت کا انحصار دیگرٹیموں کے نتائج پرہوگا۔
گلیڈی ایٹرز بھی لگاتار شکستوں کے سبب مشکلات کا شکار ہے، کنگز نے لیگ کے چند ابتدائی میچز میں مقابلہ تو خوب کیا لیکن کم مارجن سے ہونیوالی ناکامیوں نے شیرکی دھاڑ کو کم کردیا ہے، کوئٹہ کے انگلش اسٹار جیسن روئے اب تک 9 میچز میں 25.22 کی اوسط سے 227 رنز بناچکے ہیں۔
پاکستانی اسٹار افتخار احمد کا بیٹ بھی ابھی طرح پوری قوت سے نہیں چل پایاہے، وہ اب تک 10 میچز میں 27.12 کی واجبی اوسط سے 217 رنز نام کرپائے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے گذشتہ دنوں یونائیٹڈ کیخلاف 92 رنز ناٹ آؤٹ بنائے لیکن ان کی یہ کاوش ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوئی تھی۔
اعظم خان نے ایک بار پھر تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹ کر یونائیٹڈ کو کامیابی دلوائی تھی، عماد اب تک 10 میچز میں 87 کی اوسط سے 348 رنز بناچکے، میتھیو ویڈ نے 8 میچز میں 32 کی اوسط سے 224 رنز نام کیے ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 12.73 ہے۔
بولنگ میں نظردوڑائی جائے تو نسیم شاہ 10 میچز میں 11 وکٹیں اڑاکر نمایاں ہیں، ان کا اکانومی ریٹ 7.18 رہا،محمد حسنین نے 5 میچز میں 8 شکار کیے۔ ان کا اکانومی ریٹ 8.15 ہے۔
بیٹنگ کے بعد بولنگ میں عماد وسیم نمایاں رہے، وہ اب تک 10 میچز میں 9 وکٹیں لیکر نمایاں ہیں، ان کا اکانومی ریٹ 7.77 ہے، تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر 6 میچز میں 9 وکٹیں اپنے نام کرکے نمایاں ہیں، ان کا اکانومی ریٹ 7.86 ہے۔
کوئٹہ اور کراچی میں ہونے والے ابتدائی مقابلے میں گلیڈی ایٹرز نے میدان 6 رنز سے مارلیا تھا، اب کنگز کے جوابی وار کی باری ہے۔