پاکستان

اسحٰق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، محمد بن سلمان کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے سعودی نائب وزیراعظم فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطے میں ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو اجاگر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آج سعودی مملکت کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور متعدد شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف راستوں پر بات کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری اور پائیدار شراکت داری کو اجاگر کیا اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی عوام باہمی طور پر طے شدہ تاریخ پر سعودی ولی عہد کے دورے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔

دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے نائب وزرائے اعظم نے غزہ کی سنگین صورت حال اور باہمی دلچسپی کی دیگر اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کوششوں اور بات چیت کے ذریعے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button