پاکستان

آپریشن بنیان المرصوص نے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کر دیا، سفیر رحیم قریشی

برسلز میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی سفیر کا افواجِ پاکستان، میڈیا اور قومی یکجہتی کو خراجِ تحسین، مختلف سماجی و سیاسی شخصیات کی شرکت

برسلز: (آمن نیوز) یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم قریشی نے کہا ہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں کی گئی جارحیت کا افواجِ پاکستان نے بھرپور اور مؤثر جواب دے کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک اہم باب ثابت ہوا، جس نے دنیا پر پاکستان کی دفاعی صلاحیت واضح کر دی۔

برسلز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رحیم قریشی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عسکری، سفارتی، سیاسی اور بیانیاتی ہر محاذ پر کامیابی عطا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیاب آپریشن کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے کردار اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ بین الاقوامی تنازعات میں بھی پاکستان کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو توڑا، جبکہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے عسکری، سفارتی، سیاسی اور صحافتی میدانوں میں ایک متحد قوم ہونے کا ثبوت دیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا، جبکہ “آپریشن بنیان المرصوص” سے متعلق دستاویزی فلم اور آئی ایس پی آر کا تیار کردہ خصوصی قومی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر برسلز میں مقیم مختلف سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نظامت کے فرائض حدیقہ قریشی نے انجام دیے۔

تقریب میں استحکامِ پاکستان گروپ یورپ کے رہنماؤں فرید خان اور راجہ خالد کو بیلجیئم میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے پر اعزازی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

شرکاء میں حاجی پرویز، علی رضا سید، محمد ناصر، سردار صدیق، عمیر بٹ، شازیہ اسلم، امجد شاہ سمیت دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔

آمن نیوز عوام تک مستند، بروقت اور ذمہ دار صحافت پہنچانے کے عزم کے ساتھ قومی و بین الاقوامی خبروں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button