تیرہ جولائی کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں
برسلز (امن نیوز انٹرنیشنل) چوہدری شکیل احمد گوہر سرپرست اعلیٰ ای یو پاک بیلجیئم فیڈریشن نے 13 جولائی کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
برسلزسے انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان شہداء نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نئی روح بخشی ہے۔ تیرہ جولائی 1931ء کو ڈوگرہ راج کے حکم پر سری نگر جیل کے باہر بائیس کشمیریوں کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے، چوہدری شکیل احمد گوہر سرپرست اعلیٰ ای یو پاک بیلجیئم فیڈریشن نے کہاکہ اگرچہ مظالم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے لیکن2019 کے بعد جب سے مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیتاز ختم کی ہے، اس وقت سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں۔ قتل و غارت شدت سے جاری ہے اور متعدد کشمیری رہنماء اور انسانی حقوق کے کارکن پابند سلاسل ہیں۔
چوہدری شکیل احمد گوہر نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرکے لوگوں پر ظلم و ستم بند کرے، اپنی قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکالے، کشمیریوں کی نسل کشی و قتل و غارت کو بند کرے، اور این جی اوز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں و کشمیر آنے کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کے بارے میں عالمی اداروں کے معاہدوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔