برسلز: یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان کی تاریخ و ثقافت پر تصویری نمائش کا افتتاح
پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی مناسبت سے یورپین پارلیمنٹ برسلز میں ایک فوٹوگرافی کی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔
اس نمائش کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان نے یورپین پارلیمنٹ کے فرانس سے تعلق رکھنے والے رکن ہر وے جووین کے اشتراک سے کیا ہے۔
ایک ہفتے تک جاری رہنے والی اس تصویری نمائش میں درجنوں تصاویر کے ذریعے پاکستان کی بھرپور تاریخ، ثقافتی ورثہ، فن تعمیر، سیاحت، کھیلوں کے ساتھ ساتھ مذہبی، ثقافتی اور اس میں موجود انواع و اقسام کے کھانوں کو بھی پیش کیا گیا ہے۔
نمائش کا افتتاح یورپی پارلیمنٹ کے رکن MEP Herve’ Juvin نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں یورپی پارلیمنٹ کے اراکین، یورپی اداروں کے حکام، سفارت کاروں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں اس نمائش کے میزبان Herve’ Juvin ایم ای پی نے کہا کہ پاکستان کرہ ارض کا سب سے کم عمر ترین ملک ہے جہاں دوسری بڑی مسلم آبادی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت رکھنے والی ریاست ہے جو کہ مشرق وسطیٰ، جنوبی اور وسطی ایشیا کے ساتھ ساتھ چین کے سنگم پر انتہائی اہم جغرافیائی مقام پر واقع ہے۔
تباہ کن سیلابوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گذشتہ سال 30 ملین سے زیادہ افراد کو اس آفت نے متاثر کیا، انہوں نے اس بات پر خاص طور پر زور دیا کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی آفات کی وجہ سے سب سے زیادہ کمزور ممالک میں سے ایک ہے۔
پاکستان کی جانب سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مشن کے چارج ڈی افیئرز سید فراز حسین زیدی نے ایم ای پیز اور دیگر معززین کا ان کی آمد اور پاکستانی فنون و ثقافت میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کئی شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کیا اور اس نتیجہ خیز اور تعمیری شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی تیاری کا اظہار کیا۔