صفحہ اول

ملتان ٹیسٹ؛ انگلش بیٹرز نے پاکستانی بالنگ لائن کا بھرکس نکال دیا

ملتان ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ پاکستان کیخلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 658 رنز بنالیے۔

چوتھا روز

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلیںڈ نے 492 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا اور محض کھانے کے وقفے تک بغیر وکٹ گنوائے 166 رنز کا اضافہ کیا، جو روٹ 259 اور ہیری بروک 218 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

دونوں انگلش بیٹرز نے پاکستان کیخلاف چوتھی وکٹ کی شرکت میں 409 رنز کی ناقابلِ شکست پارنٹرشپ قائم کررکھی ہے جبکہ پاکستانی بالرز تاحال وکٹ کیلئے ترس رہے ہیں۔

تیسرا روز

تیسرے روز انگلیںڈ نے 96 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو محض 17 رنز کے اضافے پر زیک کرولی 78 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ بعدازاں جو روٹ اور بین ڈکٹ نے 136 رنز کی جارحانہ پارٹنرشپ قائم کی تاہم ڈکٹ 84 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کھیل کے اختتام تک جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنزکے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 243 رنز جوڑے جبکہ پہلی اننگز میں پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کیلئے انگلینڈ کو 64 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کو پہلی اننگز میں پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 460 رنز درکار ہیں۔

انگلینڈ کے اولی پوپ صفر پر نسیم شاہ کا شکار بنے، زیک کرالی 64 اور جو روٹ 32 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 556 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ آل راؤنڈر آغا سلمان 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آج گرنے والی پہلی وکٹ نسیم شاہ کی تھی جو 33 رنز بناکر پویلین لوٹے بعدازاں محمد رضوان صفر، عامر جمال 7، شاہین شاہ آفریدی 26، ابرار حمد 3 اور مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 82 رنز بناکر شعیب بشیر کا شکار بنے۔

انگلیںڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 گس اٹکنسن، برائیڈن کارس نے 2، 2 جبکہ شعیب بشیر اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلا روز

پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 86 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ یہاں عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 151 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11 ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 30 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔

ٹاس

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے اسکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہم تین فاسٹ اور دو اسپنرز کے ساتھ کھیلیں گے۔

انگلش اولی پوپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اسکی ہی سرزمین پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، نائب کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

زیک کرالے، بین ڈکٹ، کپتان اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button