بابا گرونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کا دوسرا روز، یاتریوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی
ننکانہ صاحب : (دنیانیوز) ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات آج دوسرے روز بھی جاری ہیں ۔
بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات 14 نومبر سے 16 نومبر تک جاری رہیں گی ، بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا، امریکہ، لندن سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔
سکھ یاتری اکھنڈ پاٹھ ، متھا ٹیکی ، اشنان اور شبد کیرتن کی رسومات کی ادائیگی کر رہے ہیں، آج نگر کیرتن کا جلوس گرودوارہ جنم استھان سے شروع ہو گا ، جلوس تمام گرودوارہ جات کی یاترا کرتا ہوا گرودوارہ جنم استھان میں پہنچ کر رات کو اختتام پذیر ہو گا ۔
اس حوالےسے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور چھتوں پر سنائپر جبکہ 3ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے آج ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب میں چھٹی ہے۔
رات مہمان سکھ یاتریوں کے لیے بہترین آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، ننکانہ صاحب بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات 16 نومبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔