وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور مائیکروسافٹ کے چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور بل اینڈ ملینڈا گیسٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پاکستان میں جاری پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں بی ایم جی ایف کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔
انہوں نے تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، 2022 میں پاکستان میں پولیو کیس کے نئے کیسزرپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ستمبر 2022 سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا ہے، حالیہ سیلاب جس نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے کی جاری کوششوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے۔
بل گیٹس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس کیا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے لیے اپنی فاؤنڈیشن کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا کہ پولیو وائرس کی وجہ سے کسی بچے کو فالج کا خطرہ نہیں ہے۔
گفتگو میں بی ایم جی ایف کے تعاون سے مختلف دیگر حکومتی زیرقیادت پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن کا مقصد غذائی قلت اور سٹنٹنگ سے نمٹنے، حفاظتی ٹیکوں کی ضروری خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے RAAST، اور قومی بچت کے پروگرام کو ڈیجیٹائز کرنا ہے۔ وزیراعظم اوربل گیٹس نے مشترکہ مقاصد اور باہمی تعاون کے شعبوں پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔