برسلز: نواسہ رسول (ص) کی قربانی تمام آزادی پسندوں کے لیے راہ ہدایت ہے، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید
برسلز(امن نیوز انٹر نیشنل) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاہے کہ نواسہ رسولؐ امام حسین ؑ کی عظیم قربانی تمام آزادی پسندوں کو راہ ہدایت فراہم کرتی ہے۔
یوم عاشورا پر اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ امام عالی مقام (ع) نے عظیم قربانی دے کرانسانی اقدارکی حفاظت کی ہے۔ واقعہ کربلا ہمیں انسانی اقدارکے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتاہے۔ کربلاظلم کے خلاف جدوجہدکانام ہے اوردرس حریت ہے۔ آج جموں وکشمیرکے عوام کربلاکے عظیم پیغام سے متاثرہوکراپنے اس وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس پر بھارتی فوج قابض ہے۔ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام نے جو سات دہائیوں سے بھارتی محاصرے، تشدد، ظلم وستم اور گرفتاریوں کا سامنا کررہے ہیں، کربلا کے عظیم سانحہ سے درس حاصل کیا ہے۔
کربلا ظلم و ستم کے خلاف ایک پائیدارجدوجہد کاپیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام انسانیت کے لیے ایک سبق ہے۔ واقعہ کربلانے ثابت کیا ہے کہ سچائی اورحق کی طاقت ہی باطل کے مقابلے میں ڈٹ سکتی ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ آج کشمیری بھی حق پر ہیں اور بھارتی فوجی کی جنگی سازوسامان کی برتری ان کے حوصلے کم نہیں کرسکتی اور نہ ہی انھیں شکست دے سکتی ہے۔ سچ کی طاقت بہت مضبوط ہے اور یہ دشمن پر غالب آجاتی ہے۔ کربلا کے میدان میں امام حسینؑ اور ان کے ساتھی تعداد میں دشمن کے مقابلے میں بہت کم تھے اور ان کے پاس جنگی سازوسامان بھی معمولی تھا لیکن وہ بہادری کے ساتھ یزید کے اس بڑے فوجی لشکر سے لڑے جو اپنے زمانے کے جدید اسلحہ سے لیس تھا۔ یزید کا ہزاروں کا لشکرتھا جبکہ امام عالی مقام کے 72جانثارتھے۔ آخر کار حق کو باطل پر فتح نصیب ہوئی۔ حق و باطل کے مابین جنگ میں حق کی برتری ہمیں قربانی اور خودی کا درس دیتی ہے ۔
ہم کربلاکے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبردآزما ہوسکتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیداکرناہوگااور صبر و استقامت سے کام لیناہوگا۔ بھارت کب تک ظلم و ستم ڈھاتا رہے گا۔ وہ دن دورنہیں جب کشمیریوں کو فتح اورآزادی نصیب ہوگی۔