تارکین وطن

برسلز: جڑانوالا میں مسیحی برادری پر حملے قابل مذمت ہیں، علی رضا سید

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے جڑانوالا میں مسیحی برادری کی عبادتگاہوں اور ان کے گھروں پر انتہاپسند عناصر کے حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عبادتگاہوں اور گھروں کو جلانا انسانیت سوز ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انتہاپسندی کے رحجانات طویل عرصے سے بڑھ رہے ہیں اور ابھی تک ان واقعات کے تدارک کے لیے کوئی ٹھوس اور مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے۔

بعض عناصر اس صورتحال کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اس سے انتہا پسندوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اگر شروع سے ہی انتہاپسندی کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جاتے تو آج یہ نوبت نہ آتی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جڑانوالا کے واقعے کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ اس کے علاوہ، پوری قوم متاثرہ لوگوں سے یکجہتی کا اظہار کرے اور چرچوں اور گھروں کو دوبارہ تعمیر کرکے مظلوم لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی جائے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے پاکستان میں انتہاپسندی کے بڑھتے ہوئے رحجانات کے نقصانات کے بارے میں کہاکہ کسی بھی معاشرے میں انتہاپسندی ایک ناسور کی طرح ہے اور پاکستان میں انتہاپسندی کے بڑھتے ہوئے رحجانات ملک کے امن و امان اور سلامتی کیلئے بہت خطرناک ہیں۔

علی رضا سید نے مزید کہاکہ پاکستان میں انتہاپسندی کو روکا جائے، اس مقصد کے لیے پوری قوم اور حکومت مل کر ایک مؤثر حکمت عملی بنائے اور انتہاپسندی میں ملوث عناصر کی ہرصورت حوصلہ شکنی کی جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button