اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں احتجاج، کراچی میں “فلسطین مارچ”
کراچی: فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف شاہراہ فیصل پر “فلسطین مارچ” کیا گیا۔
امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مارچ کے شرکاء سے خطاب میں مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کو لاشوں اورملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں اور فوری طور پر غزہ کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
سراج الحق نے کہا دوریاستی مسئلہ بولنے والے امت مسلمہ کے غدار ہیں، آرمی چیف فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور اسلامی ملکوں کے افواج کے سربراہان سے رابطہ کرکے دنیا کو فلسطین کی حمایت کا پیغام دیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا اسرائیلی دہشت گردوں کو لگام نہیں ڈالی گئی تو دنیا میں تیسری جنگ عظیم ہوگی۔ امریکی صدر کہتا ہے ہم اسرائیل کا ساتھ دیں گے۔ ہم امریکی صدر سے کہنا چاہتے ہیں کہ اگر تم نے اسرائیل کا ساتھ دیا تو ہم اسلام آباد میں سفارتخانے کے گھیراؤ کے لیے طوفان الاقصیٰ کا اعلان کریں گے اور فلسطین کے مسلمانوں کا ساتھ دیں گے۔
قبل ازیں فلسطین مارچ کے شرکاء نے شاہراہ فیصل پر حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں بلوچ کالونی سے نرسری بس اسٹاپ تک پیدل مارچ کیا۔ مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی اور فلسطین کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔
راولپنڈی
ادھر راولپنڈی لیاقت روڈ پر اظہار یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مجاھدین نے راکٹ فائر کیے تو اسرائیل لرز گیا امریکہ افغانستان میں جوتے کھا کر گیا، آج امریکہ غزہ مسلمانوں کے خلاف آیا ہے اسے پھر ذلت اٹھانی پڑے گی۔
ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے بے حس حکمرانوں سے پوچھتا ہوں کہ وہ کہاں ہیں، اسلامی ممالک اپنا بارڈر کھول دیں ہم اسرائیلیوں کو دیکھ لیں گے۔
فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے راولپنڈی میں ہی رائل رائیڈرز پاکستان کی جانب سے موٹر بائیک ریلی کا انقعاد کیا گیا۔ ریلی میں معصوم بچے بھی والدین کے ساتھ شریک ہوئے۔
لاہور
دوسری جانب لاہور میں مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتمام لبیک یا اقصیٰ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شرکاء نے ہاتھ میں فلسطینیوں سے محبت میں لکھے گئے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے۔