پریانکا کی کزن اور اداکارہ میرا چوپڑا رشتہ ازدواج میں منسلک
جے پور: فلم ’’گینگ آف گھوسٹس‘‘ سے بالی ووڈ میں انٹری دینے والی اداکارہ میرا چوپڑا نے بزنس مین رکشٹ کیجریوال سے شادی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی کزن میرا چوپڑا نے 12 مارچ کو جے پور میں ایک پُروقار شادی کی تقریب میں بزنس مین رکشٹ کیجریوال سے شادی کی۔
میرا چوپڑا نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے اور خاص دن پر سُرخ اور گولڈن رنگ کے خوبصورت عروسی لباس کا انتخاب کیا جبکہ اُن کے دولہے میاں نے سفید رنگ کی شیروانی زیب تن کی۔
اس جوڑے نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی شادی کی چند دلکش تصاویر بھی پوسٹ کیں، جن میں رکشٹ کو میرا چوپڑا کو پھولوں کی مالا پہناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔میرا چوپڑا اور اُن کے شوہر نے اپنی مشترکہ پوسٹ میں کہا کہ اب ہمیشہ کے لیے خوشیوں، لڑائیوں، مُسکراہٹوں، آنسوؤں اور زندگی بھر کی یادوں میں ہم ساتھ رہیں گے۔
واضح رہے کہ 11 مارچ کو میرا چوپڑا کی مہندی، مایوں اور سنگیت کی تقریبات منعقد ہوئی تھیں، جن میں بالی ووڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے میرا کے چند قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔