علی رضا سید نے انسانی حقوق کی علمبردار ماریان لوکس کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے برسلز
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے ایوارڈ ملنے پر ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی علمبردار اور ماہر سیاسی نفسیات ماریان لوکس کو دلی مبارکباد دی ہے۔
واضح رہے کہ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے گذشتہ روز کراچی میں ایک تقریب کے دوران ماریان لوکس کے لیے ان کی انسانی حقوق کے خدمات خاص طور پر کشمیریوں کے حق میں دنیا میں آواز بلند کرنے پر ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ وہ یہ ایوارڈ لینے پاکستان نہیں آسکیں لیکن انہوں نے ایک پیغام کے ذریعے یہ ایوارڈ دینے پر کونسل کا شکریہ ادا کیا ہے۔
علی رضا سید اپنے ایک بیان ماریان لوکس کو مبارکباد دیتے ہوئے دنیا بھر خصوصاً یورپ میں کشمیریوں کے حقوق کے لیے ان کی گرانقدر خدمات کو سراہا ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو یورپ سمیت اہم عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کے لیے ماریان لوکس کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے اس اقدام سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے دیگر افراد کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات دن بدن بڑھ رہی ہیں اور بھارت کشمیر پر اپنا غیرقانونی قبضہ برقرار رکھنے کے لیے مظلوم کشمیریوں پر سنگین مظالم جاری رکھے ہوئے ہے۔
علی رضا سید نے مزید کہاکہ جب تک بھارت انسانی حقوق کی پامالیاں روک نہیں لیتا اور مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہوجاتا، ہم یورپ سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکوانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔