تارکین وطن

انسانی حقوق کونسل مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے، الطاف وانی

انسانی حقوق کے ممتاز  کارکن اور چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی نے کہا ہے کہ بھارت کی نسل پرست حکومت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں نے جموں و کشمیر کے سماجی و سیاسی نظم و نسق کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔

الطاف حسین وانی نے یہ بات آج یہاں یو این ایچ آر سی کے 55ویں اجلاس کے موقع پر ایجنڈا آئٹم 3 کے تحت منعقدہ ایک عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہی۔

ورلڈ مسلم کانگریس کی جانب سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین وانی نے کونسل کی توجہ جموں و کشمیر کے بھارتی زیر انتظام علاقے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف مبذول کروائی۔

انہوں نے عالمی مبصرین کو بتایا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، من مانی نظربندیاں اور آزادی اظہار اور نقل و حرکت پر پابندیاں ایک نیا معمول بن گیا ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے وادی کشمیر کے حالیہ دورے کو خطے میں فیک نارملسی دکھانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو مودی کی سیاسی ریلی میں شرکت پر مجبور کرنے کے علاوہ لوگوں کو مختلف مقامات سے جمع کر کے مرکزی مقام تک پہنچایا گیا تاکہ دنیا کو دکھائیں کہ مودی کو دیکھنے کے لیے کشمیری کتنے بے تاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بڑے پیمانے پر بی جے پی کے تقسیم اور نفرت پر مبنی ایجنڈے کو مسترد اور بائیکاٹ کیا ہے۔ الطاف وانی نے کہا کہ نریندر مودی کا کشمیر کا دورہ ایسے وقت پر ہوا جب ان کی دائیں بازو کی انتہا پسند حکومت نہ صرف سیاسی عمل کو بحال کرنے میں ناکام رہی ہے بلکہ عوامی ناراضگی کے خوف سے سیاسی قیادت کو جیلوں میں ڈال رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت نے سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر دی، صحافیوں کو گرفتار کر کے میڈیا پر قدغن لگا دی، آزادی پر قدغن اور صوابدیدی قوانین کے اطلاق کے ذریعے اظہار رائے اور سول سوسائٹی کی تنظیموں پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے ایک ایسی جگہ کا دورہ کیا جہاں انصاف اور سچائی تک رسائی بہت دور کی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت کے رہنما جموں کشمیر میں جمہوریت، عوام کے حق خود ارادیت اور شہری اور سیاسی حقوق کے خاتمے کو پسند کرتے ہیں۔

الطاف وانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی پُرامن مزاحمت کو تشدد کے ذریعے کچلنے کے بھارتی حکومت کے مذموم منصوبے کا نوٹس لیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button