بشریٰ بی بی کو عدالت آکر اپنی ہی چوری کا جواب دینا ہوگا، مریم نواز
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے کہا ہے کہ جب عدالت جائیں گی تو اپنی ہی چوریوں کا جواب دینا پڑے گا۔
مریم نواز نے مریم اورنگزیب کی ٹوئٹ پر تبصرہ کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’نوٹس مریم نواز کو نہیں باپردہ خاتون اپنے کارناموں کے جواب عدالت میں جا کر دے، سب کیسس عدالت میں ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مریم نواز نے تم سب بہروپیوں کو بے نقاب کیا ہے، با پردہ خاتون گھر تک نہیں بلکہ گھڑیاں پانچ کیرٹ کے ہیرے، زمینیوں کی چوریوں اور سیاسی مخالفین کو غداری سےلنک کرنے تک محدود رہی اور آج کل لوگوں کے گھروں کی بالٹیاں‘۔
مریم نواز نے مریم اورنگزیب کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’چلیں اسی بہانے عدالت تو جائیں گے، جائیں گے تو اپنی ہی چوریاں کھلیں گی اور جواب دینا پڑے گا جس کے ثبوت اپنی ہی آواز میں موجود ہیں‘۔
خیال رہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو عوامی تقریر کے دوران عمران خان کے خلاف ہتک آمیز، جھوٹے، فضول اور تہمت آمیز الزامات لگانے پر قانونی نوٹس بھیجا۔
ایڈووکیٹ فرید کے ذریعے بھیجے گئے نوٹس میں مریم نواز کی جانب سے یکم مئی کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے کنونشن میں دی گئی تقریر کا ذکر ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے بشریٰ بی بی پر اپنے خطاب کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے “حکام سے دستخط شدہ دستاویزات حاصل کرنے کے لیے رشوت کے طور پر پانچ کیریٹ سونے کی انگوٹھیاں” لیں۔