عمران خان پرمقدمات کی تفصیل کیس؛ نیب ودیگرکو دوبارہ نوٹس جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر نیب ، بلوچستان اور خیبرپختوانخوا کے حکام کو دوبارہ نوٹسز جاری کردئیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل سے متعلق درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔ عدالت نے نیب،بلوچستان،سندھ اور کے پی کے حکام کو دوبارہ نوٹسز جاری کردیے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے کوئی پیش ہوا نہ رپورٹ دی گئی۔ نیب کو دوبارہ نوٹس جاری کیا جاتا ہے مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔ وزارت داخلہ سندھ، بلوچستان اور کے پی کے سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات، انکوائریوں اور زیر التواء کیسز کی تفصیلات منگوائے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ حکم نامے کی کاپی وزارت داخلہ اور نیب کو بھجوائی جائے۔ کیس کی آئندہ سماعت 2 دسمبر کو ہوگی