آسٹریلیا: والدین کے ساتھ کھانا کھانے کے دوران لڑکی کی اچانک موت
برسبین: آسٹریلیا میں ایک نوجوان سرکاری ملازم خاتون والدین کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے دوران اچانک انتقال کرگئیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹریلیا کے شہر برسبین سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ ڈینی ڈوشیٹل رات 10 بجے کے بعد مورٹن بے میں اپنے گھر پر والدین کے ساتھ رات کا کھانا کھارہی تھیں اور تاش کھیل رہی تھیں جب ان کے دل نے اچانک خون فراہم کرنا بند کردیا۔
ڈینی ڈوشیٹل جن کا جلد ہی دنیا بھر کے سفر کا ارادہ تھا، کی حال ہی ٹانگ میں فریکچر آیا تھا جس کی سرجری کے بعد وہ صحتیاب ہوگئی تھیں اور والدین کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔
ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ ممکن ہے کہ سرجری کے بعد پھیپڑے کی رگ میں خون جم گیا ہو تاہم پوسٹ مارٹم کے نتائج کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
ڈینی کی حالت کو دیکھتے ہوئے والدہ نے سی پی آر کی کوشش کی لیکن ڈینی اگلے جہاں کو سدھار چکی تھیں۔ والدہ نے فیس بک پر اپنی بیٹی کے انتقال کا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ میں انتہائی دکھ کے ساتھ آپ سب کو مطلع کرتی ہوں کہ ہماری بیٹی ڈینییلا جیڈ ڈوشیٹل کا کل رات انتقال ہو گیا ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں جنازے کی تفصیلات سے آپ سب کو اپ ڈیٹ کریں گے۔
والدہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈینی نے اپنی پرائمری اسکول کی قریبی دوست کرسٹی کے ساتھ بیرون ملک سفر میں کافی وقت گزارا ہے۔ وہ صرف کتابوں سے محبت کرتی تھی۔ اس کا مزید سفر کرنے اور دنیا دیکھنے کا ارادہ تھا۔ اگر وہ کر سکتی تو وہ ہر جگہ اور کہیں بھی چلی جاتی۔ وہ سب دیکھنا اور تجربہ کرنا چاہتی تھی۔