تشہیری جنون؛ مودی نے 8 برس میں6491 کروڑ خرچ کر ڈالے
نئی دہلی: بھارت میں انتہاپسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے نریندر مودی کی تشہیر کے لیے 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے 7 دسمبر 2022 تک مجموعی طور پر 6 ہزار 491 کروڑ خرچ کر ڈالے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی حکومت نے یومیہ 2 کروڑ 5 ہزار روپے خرچ کیے۔ سینٹرل بیورو آف کمیونیکشن (سی بی سی) کے مطابق مودی سرکار نے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا پر مودی کی تشہیر کے لیے سالانہ 750 کروڑ روپے خرچ کیے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 15-2014 کے مقابلے میں گزشتہ پورے مالی سال میں اشتہارات کے اخراجات میں 68 فیصد کمی آئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارتی حکومت نے اب تک پرنٹ اشتہارات میں 3230.77 کروڑ روپے اور گزشتہ 8 سال اور 8 مہینوں میں الیکٹرانک میڈیا کے اشتہارات پر 3260.79 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں، جو کل 6491.56 کروڑ روپے ہیں۔
2014-15 میں نریندر مودی کی حکومت نے پرنٹ میڈیا میں اشتہارات پر 424.84 کروڑ روپے اور سینٹرل بیورو آف کمیونیکیشن کے ذریعے الیکٹرانک میڈیا کے اشتہارات پر 473.67 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔
2015-16 میں اخراجات 508.22 کروڑ روپے (پرنٹ) اور 531.60 کروڑ روپے (الیکٹرانک) تھے، 17-2016 میں 468.53 کروڑ روپے (پرنٹ) اور 609.15 کروڑ روپے (الیکٹرانک)؛ اور 18-2017 میں 636.09 روپے (پرنٹ) اور 468.92 روپے (الیکٹرانک)۔