بین الاقوامی
شام میں بی بی سی کے 2 نمائندوں پر پابندی عائد
دمشق: شامی حکومت نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے لیے کام کرنے والے دو مقامی نمائندوں کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے۔
شام کی وزارت اطلاعات نے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ بی بی سی کے لیے کام کرنے والے دو مقامی نمائندوں کے اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے جھوٹ پر مبنی اور سیاسی رنگ دے کر خبروں کو نشر کیا۔
وزارت کا کہنا تھا کہ شام کے بارے میں موضوعاتی اور غلط معلومات اور رپورٹس کے بعد بی بی سی کے ایک نمائندے اور کیمرہ آپریٹر کے ملک میں کام کرنے کے اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب بی بی سی کا کہنا تھا کہ اس کی عربی نیوز سروس نے سیاسی میدان میں لوگوں سے بات کر کے غیر جانبدارانہ اور آزاد رپورٹنگ فراہم کی ہے اور ہم عربی بولنے والی دنیا میں اپنے سامعین کو غیر جانبدارانہ خبریں اور معلومات فراہم کرتے رہیں گے۔