ایشین گیمز؛ باکسنگ میں میڈل کی پاکستانی امید دم توڑ گئی
کراچی: ایشین گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں میڈل کی آخری پاکستانی امید بھی دم توڑ گئی۔
19ویں ایشین گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں میڈل کی آخری پاکستانی امید بھی دم توڑ گئی جب کہ 51 کے جی کوارٹر فائنل میں زوہیب رشید ازبکستان کے باکسر سے ہارگئے۔
ویٹ لفٹنگ میں فرقان انور نے 81 کے جی میں مجموعی طور پر 299 کلوگرام وزن اٹھایا ، فرقان نے اسنیچ میں 133 اور کلین اینڈ جرک میں 166 کلوگرام وزن اٹھایا۔
Advertisement
کبڈی کے گروپ ’بی‘ میں پاکستان نے کوریا کو 56-21 کے اسکور سے شکست دے دی ،پاکستان گروپ کا تیسرا میچ بدھ کو ملائیشیا سے کھیلے گا۔بیڈمنٹن میں قومی پلیئرز کا سفر ختم ہوگیا۔ مینز سنگلز میں مراد علی کو چین کے شیفنگ لی نے 21-11 اور21-11 سے شکست دی، عرفان سعید جاپان کے کودائی ناراوکا سے میچ ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز کرکٹ: پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی
ویمنز سنگلز میں ماحور شہزاد ویتنام کی پلیئرز کے سامنے شکست کا شکار ہوگئیں ، ڈبلز میں ماحور اور غزالہ صدیقی کو تھائی لینڈ کی جوڑی نے مات دے دی۔دریں اثنا ایشین گیمز میں میزبان چین میڈلز کی ٹرپل سنچری کے قریب پہنچ گیا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک 161 طلائی، 90 نقرئی اور 46 برانز سمیٹ کر مجموعی 297 کے ساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر موجود جاپان کے حاصل کردہ میڈلز کی تعداد 130 ہے جس میں 33 طلائی تمغے شامل ہیں، جنوبی کوریا 32 ٹائٹلز سمیت 139 میڈلز قابو میں کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر براجمان ہے، بھارت نے 15 گولڈ، 26 سلور اور 25 برانز میڈلز جیت کر چوتھی پوزیشن پالی، ازبکستان 14 سونے کے میڈلز سمیٹ کر پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان اب تک ایک سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کرپایا، مینز کرکٹ میں میڈلز کی امیدیں روشن ہیں۔
کلمبنگ کے ویمنز اسپیڈ ایونٹ میں انڈونیشیا کی ڈیساک میڈ ریتا دیوی نے گولڈ میڈل قبضے میں کرلیا، انھوں نے نیا ایشین ریکارڈ بھی قائم کیا، ریتادیوی نے سیمی فائنلز میں چین کی نیو ڈی جبکہ فائنل میں ڈینگ لیووان کو مات دی، مینز ایونٹ میں ایران کے رضا علی پور نے کامیابی سے اعزاز کا دفاع کرلیا۔