شوبز

کرکٹ اسٹارز اور شوبز کی حسینائوں کی جوڑیاں

کرکٹر اور فنکاروں کی شادیوں اور طلاقوں کے چرچے دنیا بھر میں ہوتے رہے ہیں، ان کی شادیوں کو میڈیا نے ہمیشہ غیر معمولی کوریج دی ہے اور ان کے مابین طلاقوں کی خبروں کو بھی مرکزی حیثیت ملتی ہے۔

زیادہ پرانی بات نہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی شادی کو ہی دیکھ لیں، دونوں کے نکاح کو کافی روز گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک شعیب ملک اورثنا جاوید کی شادی کا چرچا ہو رہا ہے۔ شعیب ملک اور ثناجاوید کی طرح ماضی میں بھی عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو شوبز کی حسیناوں نے اپنا جیون ساتھی بنایا اور ا بھی تک یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔

اسی کی دہائی میں اس وقت پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا میں تہلکہ مچ گیا جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محسن حسن خان اور بھارتی فلم سٹار رینا رائے کے درمیان شادی کی خبر منظر عام پر آئی، ان دنوں محسن خان اپنے کیریئر کے عروج پر تھے۔

1982ء میں پاکستان نے جب عمران خان کی قیادت میں پہلی بار لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تو محسن خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا کیونکہ انہوں نے اس میچ میں ڈبل سنچری کی تھی۔ اس کے بعد بھی وہ اچھا کھیلتے رہے۔ مدثر نذر کے ساتھ ان کی افتتاحی جوڑی بہت مشہور ہوئی۔ جب محسن حسن خان اور رینا رائے کی شادی کا اعلان ہوا تو ہر ایک کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ شادی کے بعد محسن خان نے کئی بھارتی فلموں میں کام کیا جن میں بٹوارہ، فتح، گناہگار کون، ساتھی، لاٹ صاحب وغیرہ شامل ہیں۔

کچھ سالوں بعد ان کی بھی رینا رائے سے علیحدگی ہو گئی۔ اس شادی سے محسن خان کی ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ محسن خان کی گاڑی پر جب شیوسینا نے حملہ کیا تو وہ واپس پاکستان آ گئے۔ پاکستان میں بھی محسن خان نے کسی نہ کسی طرح شوبز کے ساتھ تعلق جوڑے رکھا اور یہاں بھی انہوں نے ’’گھونگھٹ، ہاتھی میرے ساتھی، راز جیسی ہٹ فلموں میں کام کیا۔ پھر دوبارہ کرکٹ سے وابستہ ہوگئے، ان دنوں مختلف ٹی وی چینلز پر ماہرانہ تبصرے کرتے نظر آتے ہیں۔

محسن خان کی طرح سوئنگ بولنگ کے موجد سابق فاسٹ بولرسرفراز نواز اور نامور فلم سٹار رانی کی شادی کا بھی خوب چرچا رہا، قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز نواز خان نے پاکستانی فلموں کی خوبرو اداکارہ رانی سے شادی کی، دونوں کے درمیان اس وقت ملاقات ہوئی جب اداکارہ رانی کینسر کے علاج کی غرض سے انگلینڈ گئی تھیں، دونوں کی یہ ملاقات محبت میں تبدیل ہو گئی اور دونوں نے جیون بھر ساتھ نبھانے کی قسم کھائی لیکن جلد ہی دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور دونوں نے اپنے راستے الگ کیے اور بات طلاق پر ختم ہوئی۔

اداکارہ رانی حقیقی معنوں میں سرفراز نواز کی محبت میں گرفتار ہو چکی تھیں، سرفراز نواز نے جب سیاست میںآ کر الیکشن لڑا تو اداکارہ رانی نے قومی کرکٹرز کی کھل کر الیکشن مہم میں حصہ لیا، لیکن سرفراز نواز اداکارہ رانی کے ساتھ وفا نہ کر سکے اور بات دونوں کی علیحدگی پر ختم ہوئی۔ رنز کی مشین کا خطاب پانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے بھی بھارتی لڑکی سے شادی رچائی تھی جو کامیاب ثابت ہوئی ہے،دونوں اِن دنوں لندن میں مقیم ہیں۔

کرکٹرز کا شوبز کی دنیا سے مضبوط تعلق اس لیے بھی بنتا ہے کہ کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو آئے دن فیشن شوز میں ماڈلنگ کرتے دیکھے جاتے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز وسیم اکرم، شعیب ملک اور دیگر نے کئی فیشن شوز میں ریمپ پر ماڈلنگ کی جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک اور مایہ ناز آل رائونڈر عبدالرزاق کا تعلق بھارتی فلم سٹار تمنا بھاٹیا کے ساتھ جوڑا گیا دونوں کو ایک بار دبئی میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا جہاں دونوں جیولری شاپ کی تشہیر کے لیے پہنچے تھے، تصاویر سامنے آتے ہی ان کے رشتے کی خبریں سرخیوں میں آگئیں تھیں، لیکن دونوں کے درمیان مزید ملاقتیں نہ ہونے کی وجہ سے یہ خبریں بھی دم توڑ گئیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک اور سابق کپتان بھارتی فلم سٹار اور سابق مس ورلڈ سشمیتا سین کے ساتھ کافی دوستی رہی، دونوں نہ صرف اکٹھے ملتے رہے بلکہ مختلف ٹی وی پروگرامز میں بھی اکٹھے آتے رہے، وسیم اکرم اور سشمیتا سین کے درمیان ملاقاتوں کے بعد یہ قیاس آرائیاں جنم لینا شروع ہو گئیں کہ شاید دونوں نے آپس میں شادی کر لی ہے تاہم وسیم اکرم نے آسٹریلوی خاتون شنیرا سے شادی کر کے ان افواہو ں کا خاتمہ کر دیا۔

بعد ازاں قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک، بھارتی مقبول ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو دِل دے بیٹھے اور دونوں کی دھوم دَھام سے شادی ہوئی اور ان کے درمیان پچھلے دِنوں شدید اختلافات اور علیحدگی کی خبریں میڈیا کی زینت بنیں۔ شعیب ملک نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر رہے ہیں بلکہ شوبز حلقوں میں بھی خاصے مقبول ہیں،شعیب ملک میں جہاں بہت سی خوبیاں ہیں وہیں ان میں ایک بڑی خامی یہ بھی ہے کہ یہ کوئی بات ڈھکی چھپی نہیں رکھتے، ان کے دل ودماغ میں جو کچھ چل رہا ہوتا ہے، اسے چھپانے کی بجائے زبان پر لے ہی آتے ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شعیب ملک نے ڈنکے کی چوٹ پر کہا تھا کہ ماہرہ خان، عائشہ عمر، اوشنا شاہ، سونیا حسین، شائستہ لودھی، ماورا حسین، عروہ حسین اور مایا علی ان کی فیورٹ اداکارائیں ہیں۔ کہتے ہیں کہ سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو شعیب ملک کی یہ عادت اچھی نہ لگتی تھی، دونوں کے درمیان اختلافات اس قدر بڑھے کہ بات خلع پر آ کر رکی۔

شعیب ملک کی حالیہ اہلیہ ثنا جاوید کا تعلق بھی شوبز سے ہے، امید ہے کہ وہ شعیب ملک کی اس عادت کو اچھی طرح سمجھیں گی اور دونوں نے مل کر زندگی کا جو نیا سفر شروع کیا، وہ اسی طرح پیار و محبت کے ساتھ چلتا رہے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button