ارشد ندیم کی شاندار کامیابی: قسمت کی دیوی مہربان، قوم کا سر فخر سے بلند
ارشد ندیم کی شاندار کامیابی: قسمت کی دیوی مہربان، قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ کہتے ہیں کہ جب کوئی تیر نشانے پر لگ جائے تو قسمت خود بخود مہربان ہو جاتی ہے۔ یہ بات ارشد ندیم کی زندگی پر صادق آتی ہے، جنہوں نے پیرس اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 40 سال بعد پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ ان کی یہ عظیم کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی جیت ہے بلکہ پورے ملک کی جیت ہے۔ ارشد ندیم نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ محنت اور عزم سے ہر مشکل کو عبور کیا جا سکتا ہے۔
ارشد ندیم کی اس بے مثال کامیابی پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔ انہوں نے نہ صرف کمیونٹی کی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ ان کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بے شمار انعامات اور کروڑوں کی بارش ہو رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی بیلجئم کے مرکزی رہنما چوہدری جاوید نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی یادگار اور تاریخی کامیابی سے نوجوانوں میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی نے قوم کو یکجا کر کے خوشی کا موقع فراہم کیا ہے اور یہ نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے کہ وہ بھی محنت اور لگن کے ساتھ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔
چوہدری جاوید نے ارشد ندیم اور پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ہمیں صرف اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے اقدامات کرے جن سے ہمارے نوجوان کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ ارشد ندیم کی یہ کامیابی ایک روشن مستقبل کی نوید ہے اور ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، ان شاء اللہ