گلوکار بادشاہ کے نائٹ کلب کے باہر زور دار دھماکا
بھارتی پنجابی گلوکار اور ریپر بادشاہ کے نائٹ کلب کے باہر زور دار دھماکا ہوا ہے جس کی ذمہ داری بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چندی گڑھ کے سیکٹر 26 کے علاقے میں صبح سویرے بادشاہ کے نائٹ کلب کے باہر ایک دھماکہ ہوا، جس نے بادشاہ کے نائٹ کلب کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا تاہم اس دھماکے میں جانی نقصان نہیں ہوا، یہ جگہ معروف گلوکار اور ریپر بادشاہ کی ملکیت ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کے سرغنہ گینگسٹرز گولڈی برار اور روہت گودارا، نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
پوسٹ میں گینگ کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ انہوں نے بادشاہ کی ملکیت نائٹ کلب ’دیاورا سیویل بار اینڈ لاؤنج‘ کو نشانہ بنایا۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ نائٹ کلب کے مالکان سے فون کے ذریعے بھتہ طلب کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا جس کے بعد کلب پر حملہ کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ صبح 3:30 بجے ہوا، جب کسی نامعلوم شخص نے بار کے قریب کوئی چیز پھینکی، جس کے بعد زور دار آواز آئی اور دھواں پھیل گیا۔ جائے وقوعہ سے جوٹ کی رسی کے ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں جبکہ سینٹرل فورینزک سائنس لیب نے شواہد اکھٹا کر کے جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر بھتہ خوری کے لیے بنائے گئے دیسی بم پھٹنے سے ہوا پولیس نے واقع کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
یاد رہے کہ گولڈی برار کو بھارتی حکومت نے جنوری میں دہشت گرد قرار دیا تھا جبکہ گینگ کے 2 ساتھیوں کو بیرون ملک گرفتار بھی کیا گیا ہے۔