ممتا کلکرنی نے وکی گوسوامی کے ساتھ اپنے تعلقات کی وضاحت کردی
بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ممتا کلکرنی 25 سال بعد بھارت واپس لوٹ آئی ہیں۔ 52 سالہ ممتا کلکرنی، جو 1990 کی دہائی میں اپنی شہرت کے ساتھ ساتھ مختلف تنازعات میں بھی میڈیا کی شہ سرخیوں میں رہ چکی ہیں، نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا۔
انٹرویو کے دوران ممتا نے وکی گوسوامی کے ساتھ اپنے تعلقات کی وضاحت کی اور کہا کہ وکی ان کے شوہر نہیں ہیں اور انہوں نے اب تک شادی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وکی گوسوامی ایک اچھے انسان تھے اور ان کے ساتھ ان کے تعلقات ضرور تھے، لیکن چار سال قبل انہوں نے وکی کو بلاک کر دیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم انڈسٹری کے کئی لوگ وکی سے ملا کرتے تھے، اس لیے وہ بھی ان سے ملاقات کرتی رہیں۔ تاہم جب انہیں وکی کی حقیقت کا علم ہوا تو انہوں نے ان سے قطع تعلق کر لیا۔
ممتا نے بتایا کہ وکی گوسوامی اس وقت دبئی کی جیل میں ہیں۔ انہوں نے 2012 میں وکی کو جیل سے نکالنے میں مدد کی تھی اور 2016 میں ان سے آخری ملاقات ہوئی، جس کے بعد وکی کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ ممتا نے کہا کہ اب وکی ان کے ماضی کا حصہ ہیں اور ان سے کوئی تعلق باقی نہیں رہا۔
یہ واضح رہے کہ وکی گوسوامی کو 1997 میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں 10 سال کی سزا ہوئی تھی۔ اس دوران اطلاعات تھیں کہ ممتا کلکرنی نے جیل میں وکی سے شادی کر لی تھی۔
2016 میں ممبئی پولیس نے ممتا کلکرنی کو ایک 2000 کروڑ روپے کے بین الاقوامی ڈرگ ریکٹ میں ملوث ہونے اور گینگسٹرز کو ایفیڈرین سپلائی کرنے والے افراد میں شامل قرار دیا تھا۔