برسلز: میٹرو اسٹیشن پر چاقو سے حملہ کرنے والا شخص دہشت گرد نہیں، پولیس ترجمان
برسلز (امن نیوز انٹرنیشنل) برسلز پولیس کا کہنا ہے کہ یورپین اداروں کے قریب واقع میٹرو اسٹیشن شومین میں گذشتہ شام لوگوں پر چاقو سے حملہ کرنے والا شخص دہشت گرد نہیں۔
حملے میں زخمی ہونے والے تین افراد میں سے اب صرف ایک اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ یہ بات برسلز پولیس پراسیکیوٹر کی ترجمان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔
واضح رہے کہ پیر کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 5 بجے یورپین دارالحکومت برسلز میں یورپین کونسل، یورپین کمیشن اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے دفاتر کے نیچے واقع میٹرو اسٹیشن شومین میں چاقو سے مسلح ایک شخص نے لوگوں پر حملہ کیا تھا۔ جس میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔
بعد ازاں اسٹیشن پر موجود پولیس نے حملہ آور پر قابو پاکر اسے گرفتار کر لیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ حملہ آور کو آج جج کے سامنے پیش کیا گیا جہاں اس پر اقدام قتل کا مقدمہ قائم کیا جائے گا۔ لیکن اس دوران ملزم کے اس عمل کے پیچھے دہشت گردی کا کوئی ثبوت نہیں ملا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔