ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان برقرار
کراچی:انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے۔
ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں میں باہمی تجارت کرنے والے ممالک کی مصنوعات پر ڈیوٹی عائد کرنے یا بڑھانے سے متعلق نومنتخب امریکی صدر کی دھمکی سے عالمی سطح پر دیگر اہم کرنسیوں کی نسبت ڈالر مضبوط ہونے کے اثرات پاکستانی روپے پر بھی مرتب ہوئے ہیں اور زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعہ کو بھی ڈالر کی قدر میں اضافے کا رحجان برقرار رہا۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 2021 میں فراہم کردہ 3ارب ڈالر ڈپازٹس کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع، ایشیائی ترقیاتی بینک کے 50 کروڑ ڈالر اور دیگر آفیشل انفلوز سے 32ماہ کے وقفے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر بڑھ کر 12ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں۔
مذکورہ مثبت عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 9 پیسے کی کمی سے 277 روپے 85 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
سپلائی میں بہتری آتے ہی درآمدی ادائیگیوں کے دباؤ اور طلب بڑھنے کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 6 پیسے کے اضافے سے 278روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 7 پیسے کے اضافے سے 278روپے 98 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔